پورٹ آف اسپین (لارڈ میڈیا): پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار بولنگ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری میچ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لینے والے عباس نے دوسری اننگز میں برینڈن کنگ اور کیوم ہوج کو اپنے تیسرے اوور میں پویلین بھیج دیا۔
محمد عباس نے اس کے علاوہ ویسٹ انڈین بیٹر جسٹن گریوز کو بھی آؤٹ کیا، جس کے بعد ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں بولنگ اوسط 22.69 ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عمران خان کے 22.81 کی اوسط کا قومی ریکارڈ توڑ دیا، جو کہ بہترین بولنگ اوسط رکھنے والے پاکستانی فاسٹ بولر تھے۔
عمران خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 88 میچز میں 362 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ محمد عباس نے 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈیبیو کرنے کے بعد 30 ٹیسٹ میچز میں 116 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
محمد عباس بیرون ملک 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے چھٹے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان، محمد عامر اور عمر گل بھی شامل ہیں، جبکہ عباس کی اوسط سب سے بہتر ہے۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 126 رنز بنائے ہیں، اور میزبان ٹیم کی مجموعی برتری 155 رنز ہوگئی ہے۔


