لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان بھر میں جاری بارشوں کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں مزید 19 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ان حادثات کی وجہ سے 26 جون سے اب تک مجموعی طور پر 97 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں گھر کی چھت گرنے سے ایک خاندان کے تین افراد جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہو گئی۔ گجرات میں چھت گرنے سے تین بہن بھائیوں سمیت 15 سالہ علی، 14 سالہ ایمان اور 13 سالہ فلک شیر جاں بحق ہو گئے۔
قصور میں چھت گرنے سے 7 سالہ بچے سمیت دو افراد چل بسے جبکہ حجرہ شاہ مقیم میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ ہنگو درسمند میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس سے دو بچے جاں بحق اور دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
قصور راجہ جنگ میں بارش کے باعث پانی میں ڈوب کر دو بچے جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت 10 سالہ سعد اور 11 سالہ احسان کے ناموں سے ہوئی۔
بہاولنگر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص چل بسا جبکہ اوکاڑہ میں بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے باعث 7 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ ڈسکہ میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے پانچ بچوں کا باپ دم توڑ گیا۔
شیخوپورہ میں مسافر بس پر بجلی کے تار گرنے سے بس کنڈیکٹر جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے جبکہ عمر کوٹ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچہ چل بسا اور تھرپارکر میں ایک شخص پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔


