واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹکام نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی بدستور نافذ ہے۔ سینٹکام نے بتایا کہ 12 بحری جہازوں کا راستہ تبدیل کیا گیا جبکہ دو جہاز ناکارہ بنا دیے گئے ہیں۔
سینٹکام نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ امریکی فوج نے ناکہ بندی کے احکامات کی تعمیل نہ کرنے والے دو جہازوں کو ناکارہ بنا دیا۔ دو جہازوں پر چڑھ کر تلاشی بھی لی گئی تاکہ ناکہ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
بیان کے مطابق امریکی افواج نے بحیرۂ عرب میں کوموروس کے پرچم بردار آئل ٹینکر چارمینار پر سوار ہو کر جانچ پڑتال کی۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد اس تیل بردار بحری جہاز کو اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔
امریکی افواج نے 24 جولائی کو خلیج عمان میں موزمبیق کے پرچم بردار آئل ٹینکر لاوین کو ناکارہ بنا دیا۔ اس جہاز کے عملے نے بار بار ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی اور امریکی افواج کی تنبیہ کو نظر انداز کیا۔ اب یہ جہاز ایران کی جانب سفر نہیں کر رہا۔
امریکا نے 14 جولائی سے ان جہازوں کی ناکہ بندی دوبارہ شروع کر رکھی ہے جو ایران کی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی طرف جاتے ہیں یا وہاں سے روانہ ہوتے ہیں۔


