برلن (لارڈ میڈیا): جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پرائیڈ ایونٹ کے دوران ایک گاڑی ہجوم پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 16 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مشتبہ شخص کی تلاش کے لیے شہر بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 10 بجے ٹیئرگارٹن پارک کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، سفید گاڑی نے متعدد افراد کو ٹکر ماری، جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
برلن پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کی شناخت ہو چکی ہے، تاہم ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی۔ حکام حملے کی نوعیت اور محرکات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
جرمن چانسلر فریڈرش مرز نے اس واقعے کو ہولناک قرار دیا اور مکمل تحقیقات کا وعدہ کیا۔ برلن کے میئر کائی ویگنر نے اسے آزاد معاشرے پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ یہ واقعات جرمن معاشرتی اقدار کو کمزور نہیں کر سکتے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے وقوعہ سے دور رہیں اور صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔


