میرپور (لارڈ میڈیا): مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام، اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات اور دیگر ترقیاتی کاموں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان میرپور میں انتخابی جلسے کے دوران کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کر کے میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام پر زور دیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آزاد کشمیر کے شہروں میں الیکٹرک بسیں بھیجی جائیں گی اور موونگ اسپتال فراہم کیے جائیں گے۔
نواز شریف نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت بنی تو وہ خود ترقیاتی کاموں کے نگرانی کریں گے۔ انہوں نے ہر ہونہار بچے کو لیپ ٹاپ دینے اور مفت دوائیاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
نواز شریف نے کہا کہ کوٹلی تا نکیال روڈ کو دو رویہ کیا جائے گا اور ہونہار طلبا کو تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ جو وعدے کرتی ہے، وہ پورے کرتی ہے۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے نواز شریف کے اعلانات کو قبل از انتخابات دھاندلی قرار دیا ہے۔ بعض نے سوال کیا کہ ن لیگ کی حکومت کے دوران یہ ترقیاتی کام کیوں نہیں کیے گئے۔
میرپور سے صحافی عتیق احمد سدوزئی نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کی فراہمی ریاستی الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اعلانات محض ووٹ لینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔


