اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر مسلسل پانچویں روز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 25 جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 66 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 4 روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ اس طرح 5 روز کے مسلسل اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 19 روپے 38 پیسے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 29 روپے 11 پیسے فی لیٹر کا بڑا اضافہ ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی کو وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اب روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، اوگرا روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرکے ویب سائٹ پر لگایا کرے گی۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ جنگ اور کشیدہ صورت حال عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والے شدید اتار چڑھاؤ اور امپورٹ کاسٹ کو فوری طور پر مقامی قیمتوں میں شامل کیا گیا ہے۔


