تہران (لارڈ میڈیا) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر شدید ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے بحری جہازوں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ ایرانی اثاثوں سے کرنے کی بات کی تھی۔ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایرانی اثاثوں کو ضبط کرنے کی دھمکی بین الاقوامی قوانین کے لیے خطرناک اور اشتعال انگیز نظیر ہے۔
عراقچی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ کسی ملک کے اثاثوں کو مستقبل کے غیر متعلقہ دعووں کی بنیاد پر ضبط کرنا عالمی مالیاتی نظام اور بین الاقوامی قوانین کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات عالمی مالیاتی نظام میں بے یقینی، قانونی تنازعات اور افراتفری کو جنم دے سکتے ہیں جو عالمی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو ممالک یا ادارے اس طرح کے ضبط شدہ اثاثوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ اگر حکومتیں اثاثوں کی ضبطی کو معمول بنا لیں تو دنیا میں کسی بھی ملک کے اثاثے محفوظ نہیں رہیں گے۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری جہاز رانی، اقتصادی پابندیوں اور سفارتی تعلقات پر سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اثاثوں کی ضبطی جیسے اقدامات عالمی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تجارت پر منفی اثرات ڈال سکتے ہیں۔


