ممبئی (لارڈ میڈیا) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ہونے والے طلبہ کے احتجاج کی حمایت کی ہے۔ سلمان خان نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک پُرامن تحریک تھی جو افسوسناک طور پر پرتشدد شکل اختیار کرگئی۔ انہوں نے ان طلبہ اور ان کے اہلخانہ کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ پیپر لیک کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے اور انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ طلبہ بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہوئے ہیں۔ انہوں نے والدین کی حمایت کی بھی تعریف کی۔
سلمان خان نے طلبہ کے مؤقف اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے اپنی لگن، خلوص اور محنت سے ثابت کیا کہ وہ بھارت کو تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی ہمت، بہادری اور تعلیم کے لیے جذبے کو قابل تعریف قرار دیا۔
سلمان خان نے کہا کہ یہ معاملہ طلبہ اور تعلیمی نظام کے درمیان ہے اور اسے سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت طلبہ کی حمایت کرے گی اور تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
سلمان خان نے امید اور دعا کی کہ اس معاملے کا مثبت حل نکلے اور طلبہ کو کامیابی ملے۔


