پنجاب (لارڈ میڈیا): پنجاب میں دریائے چناب پر خانکی اور قادرآباد کے مقام پر بلند درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جس پر مقامی انتظامیہ نے نشیبی بستیوں سے انخلاء کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ محکمہ آبپاشی کے ترجمان نے بتایا کہ خانکی بیراج پر دو لاکھ 61 ہزار 463 کیوسک پانی کی آمد اور دو لاکھ 56 ہزار 63 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ قادرآباد بیراج پر دو لاکھ 67 ہزار 159 کیوسک پانی کی آمد اور دو لاکھ 52 ہزار 159 کیوسک اخراج ریکارڈ ہوا ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں ایک لاکھ 94 ہزار 452 کیوسک پانی کی آمد اور ایک لاکھ 74 ہزار 452 کیوسک اخراج ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے راوی میں کوٹ نینا کے مقام پر 17 ہزار 500 کیوسک بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے اور پانی میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
بھارتی آبی جارحیت کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر چنیوٹ کی نشیبی بستیوں سے انخلاء کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ فلڈ کنٹرول روم نے بتایا کہ 3 لاکھ کیوسک کا بڑا ریلا خانکی اور قادر آباد سے چنیوٹ کی حدود میں داخل ہوگا، جہاں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔
بھارت نے سلال ڈیم کے گیٹ کھول دیے ہیں، جس کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حافظ آباد، چنیوٹ اور جھنگ میں دریائے چناب کے کناروں پر رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔


