لاہور (لارڈ میڈیا): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہر ہفتے ایک سکول جا کر خود کلاس لیں گے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم کی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ سکولوں کے مسائل، زمینی حالات اور تدریسی معیار کا براہ راست جائزہ لے سکیں۔
ویڈیو پیغام میں رانا سکندر حیات نے بتایا کہ وہ انگلش اور کیمسٹری مضامین سے آغاز کریں گے، پرائمری سکولوں میں انگلش اور ہائی سکولوں میں کیمسٹری کی تدریس کریں گے۔ انہوں نے ستمبر کے پہلے ہفتے سے اس عمل کے آغاز کا اعلان کیا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ان کے دورے بغیر پیشگی اطلاع کے ہوں گے تاکہ حقیقی مسائل کا مشاہدہ کیا جا سکے۔ اس اقدام سے تعلیمی معیار کو جانچنے اور تدریسی کمزوریاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔
رانا سکندر حیات نے اساتذہ کی عزت کرتے ہوئے کہا کہ وہ استاد بن کر فخر محسوس کریں گے اور سکولوں کے مسائل کو موقع پر جا کر دیکھنے اور حل کرنے کے قائل ہیں۔


