تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اردن میں امریکی ایف 15 طیارے کو اس کے ہینگر میں تباہ کر دیا گیا ہے۔ یہ حملہ خطے میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظاموں پر جاری میزائل اور ڈرون حملوں کے دوران ہوا۔ پاسداران انقلاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک میزائل دفاعی ریڈار نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ گذشتہ چند روز کے دوران ایران نے اردن میں مختلف مقامات پر متعدد حملے کیے ہیں۔
ایران نے بحرین میں امریکی کمپنی ایمازون کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بحرینی حکام نے تاحال اس دعوے کی تصدیق نہیں کی جبکہ خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ وہ بھی آزادانہ طور پر اس اطلاع کی تصدیق نہیں کر سکا۔
قبل ازیں پینٹاگون نے تصدیق کی تھی کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران خطے میں امریکی اڈوں پر ایران کے حملوں کے نتیجے میں امریکی فوج کے تقریباً 100 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔


