اسلام آباد (لارڈ میڈیا): 37ویں انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک چاندی کا تمغہ اور ایک اعزازی سند حاصل کی۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق، لتھوینیا میں ہونے والے اس عالمی مقابلے میں 90 سے زائد ممالک کے 350 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے لاہور کے حسن عاطف چیمہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ کراچی کے محمد مطاہر نے اعزازی سند اپنے نام کی۔ طلبہ کا انتخاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے مشترکہ پروگرام کے تحت کیا گیا۔
عالمی مقابلے سے قبل طلبہ کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر انتظام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بایوٹیکنالوجی، پیاس میں بین الاقوامی معیار کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر اسماء عمران اور ڈاکٹر عامر علی نے کی۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق اس کامیابی کے بعد پاکستان عالمی سائنس اولمپیاڈز میں مجموعی طور پر 144 بین الاقوامی تمغے حاصل کر چکا ہے، جو ملک میں سائنسی تعلیم، تحقیق اور نوجوان صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا ثمر ہے۔


