کیف (لارڈ میڈیا): روس نے یوکرین پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ بحیرہ اسود میں ایک شہری کارگو جہاز پر حملے میں عملے کے پانچ ارکان ہلاک ہو گئے۔
یہ حملے یوکرین کے مختلف علاقوں جیسے کیف، کھارکیو، زاپوریزہیا اور سومی میں کیے گئے۔ کھارکیو میں پوسٹل ٹرمینل پر حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے جبکہ کیف میں ایک معمر خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ دو افراد زاپوریزہیا اور ایک سومی میں ہلاک ہوا۔
یوکرینی صدر ولادمیر زیلنسکی نے کیف پر ہونے والے حملے کو شہر پر سب سے بڑے بیلسٹک حملوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔ یوکرین کی فضائیہ نے بتایا کہ روس نے 125 ڈرونز کے ساتھ اسکندر بیلسٹک اور ہائپر سونک زرکون میزائل سمیت 41 میزائل داغے۔ فضائی دفاع نے 18 میزائل اور 108 ڈرونز کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔


