اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان امن کوششوں سے دستبردار ہونے کا تاثر مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ ثالثی کی کوششیں جاری ہیں اور امن کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا، وقتی تعطل ہوسکتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت آج بھی مؤثر ہے اور امن کی واپسی اس کے ذریعے ممکن ہوگی۔ پاکستان کا مؤقف برقرار ہے کہ تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 22 جون کے پاکستان، قطر مشترکہ اعلامیے میں عملدرآمد کا روڈ میپ موجود ہے اور تکنیکی سطح کے مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔
ترجمان نے زور دیا کہ موجودہ کشیدگی سے توانائی، تجارت اور غذائی تحفظ متاثر ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان آبنائے ہرمز سے تجارت کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور پرامن حل کے لیے مسلسل سفارتی رابطے میں ہے۔ 10 جولائی کو وزیراعظم نے امیرِ قطر اور ایرانی صدر سے گفتگو کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دوطرفہ تجارت بڑھانے کا مقصد ہے۔


