مظفرآباد (لارڈ میڈیا): سیکرٹری داخلہ آزاد جموں و کشمیر چودھری گفتار حسین نے اعلان کیا ہے کہ حکومت غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے مظفر آباد میں پولیس ترجمان کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کسی بھی پرتشدد گروہ کو عوامی معمولات زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چودھری گفتار حسین نے دعویٰ کیا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کئی روز سے عوام کے معمولات زندگی متاثر کرنے میں مصروف ہے اور تحریک میں ناکامی کے باعث عوام کو ورغلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے اور اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا بھی معمول بنا لیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ نے الزام عائد کیا کہ خواتین، معصوم بچوں اور طلبا کو احتجاج میں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ طلبا کو زبردستی احتجاجی اور انتشاری سیاست کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ طلبا کو احتجاج کا حصہ بنانا نئی نسل کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے اور حکومت قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔


