اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خلیج میں کشیدگی میں شدید اضافے اور دوبارہ فوجی محاذ آرائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں آبنائے ہرمز میں ایرانی حملے، ایران پر امریکہ کے حملے اور ایران کی جانب سے پڑوسی ممالک میں اہداف پر حملے شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نےایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز کریں اور فوری طور پر حالات کو معمول پر لانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے ’’یہ تمام حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔‘‘
بیان کے مطابق سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا کہ اگر مکمل پیمانے پر دوبارہ جنگی کارروائیاں شروع ہوئیں تو اس خطے کے عوام اور بین الاقوامی امن و سلامتی اور عالمی معیشت کے لئے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی مکمل آزادی کی بحالی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے ایران اور امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مذاکرات دوبارہ شروع کریں اور باقی ماندہ مسائل کو سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔


