کوئٹہ (لارڈ میڈیا): زیارت کے مانگی ڈیم واقعہ کی تحقیقات کے لیے چئیرمین سی ایم آئی ٹی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ کمیٹی میں سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سینئر ڈی آئی جی پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندگان شامل ہیں۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق انکوائری کمیٹی دہشت گرد حملے سے قبل، دوران اور بعد کے تمام واقعات اور سکیورٹی ردعمل کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی سیکیورٹی اداروں کی تیاری، کمانڈ اینڈ کنٹرول، رابطہ کاری اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انکوائری میں غفلت، کوتاہی، یا آپریشنل خامیوں کی نشاندہی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔ کمیٹی مانگی ڈیم اور صوبے کی اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فوری، درمیانی اور طویل المدتی سیکیورٹی اقدامات تجویز کرے گی۔
شاہد رند نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پالیسی، ادارہ جاتی اور آپریشنل اصلاحات بھی تجویز کی جائیں گی۔ انکوائری کمیٹی کو ریکارڈ، افسران کی طلبی، گواہوں کے بیانات، جائے وقوعہ کے معائنے اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ انکوائری کمیٹی پندرہ روز میں رپورٹ حکومت بلوچستان کو پیش کرے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں غفلت یا نااہلی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔


