اسلام آباد (لارڈ میڈیا): عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، خصوصاً خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن وامان کی دگرگوں صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں متعلقہ اداروں کی جانب سے پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ دی جانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ حقائق سے آگاہی حاصل کر کے مؤثر فیصلے کیے جا سکیں۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سنجیدہ، مؤثر اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔
رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی سلامتی اور امن کے معاملے پر تمام سیاسی قوتوں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود بھی موجود تھے، ملاقات میں باہمی سیاسی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور قومی اہمیت کے معاملات پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک میں امن، استحکام اور جمہوری عمل کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔


