اسٹراسبرگ (لارڈ میڈیا): فرانس کے معروف لالیک میوزیم میں کروڑوں یورو مالیت کے زیورات چوری ہونے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ واردات اتوار کی صبح ونگن سر موڈر میں پیش آئی۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق چور صبح ساڑھے پانچ بجے میوزیم میں داخل ہوئے اور 20 قیمتی زیورات چرا لیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چوری شدہ زیورات کی مالیت کا تخمینہ 40 لاکھ یورو تک ہو سکتا ہے۔
میوزیم انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تحقیقات کے دوران میوزیم بند رہے گا۔ واردات کے دوران الارم بجنے کے باوجود سکیورٹی کمپنی موقع پر تاخیر سے پہنچی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور سی سی ٹی وی ویڈیوز کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
لالیک میوزیم 2011 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ آرٹ نووو اور آرٹ ڈیکو جیولری کے لیے مشہور ہے۔ گزشتہ سال پیرس کے لوور میوزیم میں بھی اسی طرح کی ڈکیتی ہوئی تھی جس نے سکیورٹی پر سوالات اٹھائے۔


