تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے سابق نائب صدر اور سپریم لیڈر کے مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قاتلوں کو سزا دی جائے گی اور ان کا انجام طبعی موت کی صورت میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایرانی سرکاری میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا کہ قاتل اس زمین پر محفوظ نہیں رہیں گے اور خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔
محمد مخبر نے کہا کہ ذمہ دار عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا اور انہیں سزا سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔ اس سے قبل ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کا پیچھا کیا جائے گا۔
جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ شہید سپریم لیڈر نے ملک میں عزت، خودمختاری اور قومی وقار کا راستہ متعین کیا تھا اور مسلح افواج اس مشن پر گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں اپنے دفاعی فرائض انجام دے رہی ہیں۔
ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ تہران میں ادا کی گئی، جس کے بعد ان کی میت قم روانہ کردی گئی۔ حکام کے مطابق ان کی میت کو عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا بھی لے جایا جائے گا۔ نو جولائی کو ان کی تدفین مشہد میں ہوگی۔


