کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی کی سٹی کورٹ میں سینئر سول جج شرقی کے روبرو کورنگی صنعتی ایریا میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی بیوہ نے ٹینکر مالک اور ڈرائیور کے خلاف 13 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔
وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ دعویٰ جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دائر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ 2026 میں چمرا چورنگی کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے نوجوان کو کچل دیا تھا۔
وکیل کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ طلحہ ظہیر کی موت حادثے میں لگنے والی شدید چوٹوں کے باعث ہوئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متوفی اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا اور اس کی وفات کے بعد اہل خانہ شدید اور مستقل مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ ٹینکر مالک اور ڈرائیور قانونی طور پر معاوضہ ادا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔


