کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلوں میں 7 زخمیوں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور نقد رقم بھی برآمد کی گئی۔
بلدیہ کے الفتح گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 زخمیوں سمیت چار ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت جاوید اور آصف کے ناموں سے ہوئی جبکہ دیگر دو ملزمان میں ذاکر اور سہیل شامل ہیں۔
نادرن بائی پاس کے قریب گلشنِ معمار تھانے کی حدود میں ایک زخمی سمیت 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ زخمی ملزم کی شناخت شہزیب ولد شیر خان جبکہ دوسرے ملزم کی شناخت امجد ولد انور کے نام سے ہوئی۔
ضلع سی سی سینٹرل میں رضویہ پولیس نے ندی کنارہ کے قریب مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ملزمان گل حسن اور اکرام زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
لائنز ایریا میں باغ جناح کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ کورنگی کراسنگ پر بھی ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ دونوں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


