مانچسٹر (لارڈ میڈیا): بھارت کے 15 سالہ ویبھو سوریا ونشی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار ڈیبیو کیا۔ وہ بھارت کی تاریخ کے کم عمر ترین کرکٹر بن گئے اور سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 1989 میں 16 برس کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔
ویبھو نے اپنی پہلی ہی بین الاقوامی گیند پر انگلینڈ کے جوفرا آرچر کو شاندار چھکا رسید کیا اور مجموعی طور پر 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے، جس میں دو شاندار چھکے شامل تھے۔ تاہم وہ جوس بٹلر کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
سوریا ونشی نے اپنی جارحانہ اننگز سے دنیا بھر میں منفرد شناخت بنائی ہے۔ ان کی بے خوف بیٹنگ کا مظاہرہ آئی پی ایل میں بھی دیکھا گیا، جہاں انہوں نے کئی نامور بولرز کو پہلی گیند پر چھکا لگایا۔
انگلینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ جیکب بیتھل کی شاندار بیٹنگ نے انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔


