ویانا (لارڈ میڈیا) وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ویانا میں منعقدہ ‘گلوبل الائنس ٹو کاؤنٹر مائیگرنٹ اسمگلنگ’ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران یورپی یونین نے غیر قانونی ہجرت کی روک تھام کے لیے پاکستان کی مؤثر اقدامات کو سراہا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی حکمت عملی کے باعث غیر قانونی ہجرت میں 47 فیصد کمی آئی ہے اور پاکستان کی کامیاب حکمت عملی دنیا کے لیے ایک مثال بن چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی ہجرت ایک سرحدی نہیں بلکہ عالمی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس کے تبادلے اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ محفوظ، منظم اور قانونی ہجرت کے فروغ اور قانونی مواقع میں اضافے کے بغیر غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کا مؤثر سدباب ممکن نہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے غیر قانونی ہجرت کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی مؤثر کارکردگی کو بھی سراہا۔


