اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت متعدی امراض جیسے ایڈز اور ہیپاٹائٹس سی کی روک تھام کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ملک بھر میں غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خلافِ ضابطہ سرنجوں کے استعمال میں ملوث افراد اور اسپتالوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعظم نے ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دینے اور صوبوں سے مشاورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وزارت قانون کو قانونی و ضابطہ جاتی نظام میں ترامیم تجویز کرنے کا کہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی سطح پر جامع حکمت عملی کی تشکیل اور مؤثر عمل درآمد اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔ ادارہ ادویات پاکستان کو طبی آلات کی صنعت سے مشاورت کر کے سرنجوں کے ذریعے امراض کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے پالیسی اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت دی گئی۔
بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے طبی آلات کی مقامی تیاری اور شعبۂ صحت سے وابستہ عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی بات کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایت پر قائم خصوصی ٹاسک فورس اور وزارت قومی صحت کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر قانون، وزیر مملکت برائے صحت مختار احمد برتھ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، عالمی فنڈ کی نمائندہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔


