تہران (لارڈ میڈیا): ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سابق سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی شہادت کو کسی سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہادت ایرانی قوم کے عزم، اتحاد اور مزاحمت کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گی۔
ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق، صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی قومی خودمختاری، اصولوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔ انہوں نے عوام سے اتحاد، صبر اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اپنے قومی مقاصد پر ثابت قدم رہے گا اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا۔
یہ بیان علی خامنہ ای کی سرکاری آخری رسومات کی تیاریوں کے دوران آیا ہے، جن میں مختلف ممالک سے اعلیٰ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، صدر کا پیغام سیاسی استحکام اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کرتا ہے۔


