بیجنگ (شِنہوا) چین کے قومی ریلوے نیٹ ورک پر موسم گرما کے 62 روزہ سفری رش کے دوران 1.01 ارب سفری دوروں کی توقع ہے۔ سفری رش بدھ سے شروع ہو کر 31 اگست تک جاری رہے گا۔
یہ تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران ریکارڈ کئے گئے 94 کروڑ 30 لاکھ سفری دوروں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق اس مدت کے دوران یومیہ اوسطاً ایک کروڑ 62 لاکھ 90 ہزار سفری دوروں کی توقع ہے۔
موسم گرما کا سفری رش عام طور پر ریلوے نیٹ ورک کے لئے مصروف ترین سیزن میں شمار ہوتا ہے کیونکہ اس دوران کالجوں اور جامعات کے طلبہ اپنے گھروں کو واپس جاتے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں خاندان بھی سیاحت اور تعطیلات کے لئے سفر کرتے ہیں۔
سفری طلب میں اضافہ پورا کرنے کے لئے ریلوے حکام اضافی ٹرین سروسز چلائیں گے اور ملک بھر میں یومیہ اوسطاً 12 ہزار مسافر بردار ٹرینیں چلائی جائیں گی۔


