ماسکو (لارڈ میڈیا): روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مسلح تصادم سے گریز اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے اختلافات حل کرنے کی اپیل کی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
روس نے دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ اس بیان کے مطابق ماسکو چاہتا ہے کہ دونوں ممالک فوجی تصادم سے اجتناب کریں تاکہ خطے میں امن برقرار رہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے آنے والے چار ڈرونز کو مار گرانے کا اعلان کیا ہے۔ پاک فوج کے مطابق افغان طالبان حکومت نے 30 جون کو بلوچستان کی سرحد پر چار ڈرونز بھیجے، تاہم پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے ان کی نشاندہی کر کے کامیابی سے تباہ کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی فضائی حدود کا مؤثر دفاع کیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے سفارتی حل پر زور دینا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ علاقائی طاقتیں کشیدگی میں اضافے سے بچنے کی خواہاں ہیں۔


