ہوماہم ترینقطر میں 6 ارب امریکی ڈالر کےمنجمد فنڈز جاری کئے جائیں گے،...

قطر میں 6 ارب امریکی ڈالر کےمنجمد فنڈز جاری کئے جائیں گے، ایرانی صدر

تہران (شِنہوا) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ قطر میں موجود ایران کے 6 ارب امریکی ڈالر مالیت کے منجمد اثاثے جاری کئے جائیں گے اور انہیں ملک واپس لایا جائے گا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق انہوں نے یہ بات ایران کے وسطی صوبے قم میں ایک سینئر مذہبی رہنما سے ملاقات کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان حال ہی میں دستخط ہونےوالے امن سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کے نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہی۔

پزشکیان نے کہا کہ قطر میں ایران کے منجمد اثاثوں کی مجموعی مالیت 12 ارب امریکی ڈالر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باقی ماندہ رقوم ملک واپس لانے کے لئے ضروری اقدامات اور پیروی جاری ہے۔

انہوں نے مفاہمتی یادداشت کو ایرانی عوام کے لئے ایک عظیم فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے فریم ورک کے تحت ایران کی پٹرو کیمیکل اور تیل کی برآمدات پر عائد پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔

پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے بالآخر اسرائیل کو یہ امن معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کیا حالانکہ اسرائیل اور کچھ دیگر گروہ اب بھی اس معاہدے کے نفاذ کے مخالف ہیں۔

انہوں نے ایران کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق اپنے ملک کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کا خواہاں نہیں ہے اور اس کی جوہری سرگرمیاں ملک کی ضروریات اور اس کی اعلان کردہ پالیسیوں کے دائرہ کار میں جاری رہیں گی۔

ایران اور امریکہ نے 18 جون کو لبنان سمیت خطے میں تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے۔ اس یادداشت کے تحت دونوں فریقوں نے 60 دنوں کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لئے مذاکرات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں