کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستان کی معروف شیف راحت علی کا انتقال ہو گیا۔ شیف راحت علی پاکستان کی مشہور ترین شیفس میں شامل تھیں، جو اپنی آسان تراکیب، منفرد پکوانوں اور سادہ اندازِ پیشکش کی وجہ سے لاکھوں ناظرین، خصوصاً گھریلو خواتین میں مقبول تھیں۔ ان کے کوکنگ شوز نے کھانا پکانے کو آسان بنایا اور لوگوں کو نئے ذائقے آزمانے کی ترغیب دی۔
ان کی خوش اخلاقی، مسکراہٹ اور دوستانہ انداز انہیں عوام میں بےحد مقبول بناتا تھا۔ ان کے انتقال کی خبر ان کی بھانجی نے سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد مداحوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ مرحومہ کی صاحبزادی، شیف مائدہ راحت علی بھی ایک معروف شیف ہیں، جو اس وقت امریکا میں مقیم ہیں۔


