اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیرقانونی اور غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کے استعمال سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ غیر تصدیق شدہ آئی ایم ای آئی والے موبائل فون بلاک کردیئے جائیں گے۔
پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ اور رجسٹرڈ موبائل فون خریدیں اور ڈپلیکیٹ یا کلون موبائل فونز کی خریداری سے گریز کریں۔ خریداری سے قبل موبائل کے باکس اور فون پر درج آئی ایم ای آئی چیک کرنا ضروری ہے۔
اعلامیے کے مطابق صارفین ڈیوائس ویری فکیشن سسٹم کے ذریعے موبائل کی تصدیق کر سکتے ہیں اور غیر قانونی یا ٹیمپرڈ آئی ایم ای آئی والے موبائل فون کے استعمال سے بچیں۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ آئی ایم ای آئی میں غیر قانونی ردوبدل قابل سزا جرم ہے، جس پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔


