دبئی (لارڈ میڈیا): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی گل فیروزہ کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سرزنش کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔ یہ کارروائی آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران لیول ون کی خلاف ورزی کے نتیجے میں کی گئی۔
آئی سی سی کے مطابق گل فیروزہ نے آؤٹ ہونے کے بعد جارحانہ انداز میں ٹیم ڈگ آؤٹ کے قریب بیٹ اور گلوز پھینکے تھے۔ اس واقعہ کے بعد گل فیروزہ نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے اور ان کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے پاکستانی ویمنز ٹیم کو 113 رنز سے شکست دی تھی۔ آسٹریلوی ویمنز ٹیم کے 199 رنز کے جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم 86 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔


