ریو ڈی جنیرو (لارڈ میڈیا): برازیل کی تین بہنوں، جن کی مجموعی عمر 316 برس ہے، نے طویل عمر کے راز کو جاننے کے لیے سائنس دانوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ ان بہنوں کو حال ہی میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی معمر ترین زندہ بہنوں کے گروپ کا اعزاز دیا ہے۔
یونیورسٹی آف ساؤ پالو کے تحت جاری "ڈی این اے لونگیوو پروجیکٹ” میں سائنس دان طویل زندگی کے جینیاتی عوامل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تحقیق کی سربراہ مایانا زاٹس نے بتایا ہے کہ یہ مطالعہ طویل عمر کے حیاتیاتی عوامل کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے دوران 90 اور 100 برس سے زائد عمر کے افراد کا موازنہ ایسے لوگوں سے کیا جائے گا جو کمزوری یا دائمی بیماریوں کا شکار ہوں۔ ان بہنوں کے ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے جینز کی تلاش کی جا رہی ہے جو عمر کے اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔
لونگوی کویسٹ کے چیف ایگزیکٹو بین میئرز نے کہا ہے کہ خاندانی تعاون اور سماجی روابط بھی طویل عمر کے عوامل میں شامل ہیں۔ تینوں بہنیں سادگی اور صحت مند طرزِ زندگی کو اپنی طویل عمر کا راز قرار دیتی ہیں۔
تحقیق میں شامل محققین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد ان جینیاتی عوامل کو سمجھنا ہے جو دل اور دماغی صلاحیتوں کو بڑھاپے کے منفی اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔


