چین کے وسطی صوبہ ہوبے کے شہر یِی چانگ کی زِگوئی کاؤنٹی میں شاندار ڈریگن بوٹ مقابلوں نے لوگوں کی بھرپور توجہ حاصل کی ہے۔ زِگوئی چین کے قدیم محب وطن شاعر چھُو یوآن کا آبائی علاقہ ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (چینی): وانگ بوڈونگ، رکن، ڈریگن بوٹ ٹیم، ہواژونگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی
’’ڈریگن بوٹ کی اتنی بھرپور ثقافت رکھنے والی جگہ پر مقابلہ کرتے ہوئےٹیم کے ہر رکن نے محسوس کیا کہ ہمارے دل واقعی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہم مکمل ہم آہنگی کے ساتھ چپو چلا رہے تھے۔ ٹیم کی صورت میں مل کر کام کرنے کا یہ جذبہ ایک ایسی روایت ہے جسے ہمیں آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہوگا۔‘‘
ڈریگن بوٹ ریسنگ دراصل ڈریگن بوٹ فیسٹیول کا اہم ترین حصہ ہے جو دو ہزار برسوں سے زیادہ عرصہ پہلے کے چینی شاعر چھُو یوآن کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے۔ اس تہوار کو دُوان وُو فیسٹیول بھی کہا جاتا ہے۔یہ چین کا پہلا روایتی تہوار ہے جسے یونیسکو نے غیر مادی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا۔
دریا کے کناروں سے ہٹ کر بھی پوری کاؤنٹی میں رنگا رنگ روایتی سرگرمیاں منعقد ہوئیں جن میں زونگ زی (چپچپے چاولوں کے روایتی پکوان) تیار کرنا، جڑی بوٹیوں سے بھرے خوشبودار تھیلے بنانا اور مگ ورٹ نامی روایتی جڑی بوٹی لٹکانا شامل تھا۔
ساؤنڈ بائٹ 2 (چینی): ہان جُون، مقامی رہائشی
’’ہم ہر سال یہاں اس غیر مادی ثقافتی ورثے کی گلی میں جمع ہوتے ہیں تاکہ زونگ زی تیار کریں۔ پھر اس ڈش میں سے کچھ چھُو یوآن کی یاد میں دریا میں بہا دئیے جاتے ہیں جبکہ کچھ ہم اپنے کھانے کے لئے رکھ لیتے ہیں۔‘‘
ساؤنڈ بائٹ 3 (چینی): ژو جیانگ لینگ، سربراہ، زِگوئی کاؤنٹی ثقافتی مرکز
’’ڈریگن اور شیر کے رقص کی اس پُرجوش عوامی رسم کے ذریعے ہم چھُو یوآن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، ثقافتی ورثے کو آگے بڑھاتے ہیں اور گونجتے نقاروں، ڈھولوں اور ڈریگن لالٹینوں کے درمیان اپنے آباؤ اجداد کی یاد کو مضبوط بناتے ہیں۔‘‘
مقامی رہائشی اور سیاح ثقافتی بنیادوں کو تحفظ دینے کے لئے منفرد عوامی رسومات اور تہوار کی تقریبات میں اکٹھے ہوئے۔
صدیوں پرانی ڈریگن بوٹ فیسٹیول کی روایات نے نئے معاشی مواقع بھی پیدا کئے ہیں اور جدید دور میں سیاحت کے فروغ کو بھی تقویت دی ہے۔
یِی چانگ شہر نے زِگوئی کاؤنٹی کا انتظام سنبھال رکھاہے۔ یہاں تعطیلات کے دوران فائیو اسٹار ہوٹلوں کی بکنگ میں 55 فیصد اضافہ ہوا۔ ملک بھر میں ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے دوران چین کے ریلوے نیٹ ورک نے اندازاً 8 کروڑ 30 لاکھ مسافروں کو سفری خدمات فراہم کیں۔
یِی چانگ،چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


