چین (لارڈ میڈیا): چین کے صوبہ ہینان کے شہر میں وائلڈ لائف زو نے ایک منفرد ملازمت کا اشتہار جاری کیا ہے جس میں امیدواروں کو ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر سالانہ 41 لاکھ روپے تنخواہ دی جائے گی۔ اس اشتہار کے مطابق امیدوار کی کم از کم عمر 18 سال اور جسمانی طور پر فٹ ہونا ضروری ہے۔
چڑیا گھر میں کام کرنے والے ان ریچھوں کو سیاحوں سے بات چیت کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ مختلف آوازیں نکال سکیں گے۔ انہیں 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا جبکہ ہر ماہ 4 دن کی چھٹی دی جائے گی۔
اشتہار میں کہا گیا ہے کہ اگر توانائی محسوس کر رہے ہیں تو اچھلیں، رقص کریں، درختوں پر چڑھ جائیں یا مچھلیاں پکڑیں۔ چڑیا گھر کے ترجمان کے مطابق یہ ملازمت سوشل میڈیا پر معروف افراد اور چڑیا گھر کی آمدنی میں اضافے کا باعث بنے گی۔
یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے افراد کو اس ملازمت کے لیے منتخب کیا جائے گا، لیکن چڑیا گھر کے مطابق اب تک 100 سے زائد افراد نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔


