تائی پے (شِنہوا) تائیوان کے شہر نیو تائی پے میں چینی قوم کے افسانوی جد امجد فوشی کی تعظیم کے لئے منعقدہ ایک تقریب میں سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔
یہ تقریب شمال مغربی صوبے گانسو کے شہر تیان شوئی میں منعقد ہونے والی اسی نوعیت کی تقریب کے ساتھ بیک وقت منعقد کی گئی جہاں کے بارے میں خیال ہے کہ وہ فوشی کی جائے پیدائش ہے۔
یہ مسلسل 13واں سال ہے کہ آبنائے تائیوان کے دونوں جانب لوگوں نے فوشی کی تعظیم کے لئے بیک وقت تقریبات منعقد کیں۔ اس روایت کا آغاز 2014 میں پہلی مشترکہ تقریبات سے ہوا تھا۔
اس سال تائیوان میں یہ تقریب نیو تائی پے شہر کے شیان سے مندر میں منعقد ہوئی جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے قدیم رسومات ادا کیں اور فوشی کے مجسمے کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے نگران لی چھیئن لونگ، جو شیان سے مندر کے منتظم بھی ہیں، نے کہا کہ فوشی پوری چینی قوم کے لئے ایک قابل احترام روحانی سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تقریبات اس بات کا مظہر ہیں کہ آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے لوگ ایک مشترکہ ثقافتی ورثے کے حامل ہیں۔
تائی پے کے پیلس میوزیم کے سابق محقق لین تیئن جین نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت کر کے وہ ’’بہت متاثر‘‘ ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آبنائے تائیوان کے دونوں جانب پرامن ترقی کے فروغ کے لئے اس نوعیت کی مزید سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔


