دوحہ (لارڈ میڈیا): قطر کے صنعتی شہر راس لفان میں ایک فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں 54 افراد زخمی اور 18 لاپتا ہوگئے ہیں۔ قطری وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ دھماکا اتوار کو ایک تکنیکی خرابی کے سبب ہوا۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
قطر انرجی کے مطابق، یہ واقعہ برزان لوکل گیس سپلائی فیسلٹی میں آپریشنز کی بحالی کے دوران پیش آیا، جس میں دھماکا اور آگ بھڑک اٹھی۔ وزارت داخلہ کے مطابق، دھماکا اندرونی نوعیت کا تھا اور کوئی گیس یا خطرناک مواد کا اخراج نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق، دھماکے کے بعد کئی کلومیٹر دور تک آسمان پر شعلے اور دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ راس لفان دنیا کے بڑے مائع قدرتی گیس مراکز میں سے ایک ہے۔
وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ عوامی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور متعلقہ حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ راس لفان کا صنعتی علاقہ توانائی تنصیبات پر حملوں کے باعث توجہ کا مرکز رہا ہے، مگر موجودہ واقعے کو تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔


