لندن (لارڈ میڈیا): برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے پیر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وہ نئے لیبر پارٹی لیڈر کے انتخاب کے لیے روڈ میپ پیش کر سکتے ہیں۔ لیبر پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ کی جانب سے قیادت کے لیے واضح ٹائم ٹیبل دینے کے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ دباؤ اس وقت مزید بڑھا جب اینڈی برنہم نے حالیہ ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی، جس سے ان کی قیادت کے لیے حمایت میں اضافہ ہوا۔ برطانوی اخبارات کے مطابق اینڈی برنہم کو تقریباً 300 ارکانِ پارلیمنٹ کی تائید حاصل ہے، جس سے ان کے وزیراعظم بننے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
اگر کیئر اسٹارمر پیر کو مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں تو لیبر پارٹی میں قیادت کی منتقلی کا عمل فوری طور پر شروع ہو سکتا ہے۔ اینڈی برنہم اس وقت وزارتِ عظمیٰ کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں اور ان کے حامی منظم انتقالِ اقتدار کے خواہاں ہیں۔
برطانوی میڈیا میں اطلاعات ہیں کہ اینڈی برنہم کی ممکنہ حکومت میں شبانہ محمود کو اہم کردار مل سکتا ہے، جو امیگریشن نظام میں اصلاحات کے عمل کو جاری رکھنا چاہتی ہیں۔
تاہم برطانوی وزیراعظم ہاؤس کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ کیئر اسٹارمر نے باضابطہ طور پر استعفے کا اعلان نہیں کیا، حتمی صورتحال پیر کو واضح ہو سکتی ہے۔


