بیت المقدس (شِنہوا) امریکہ نے جنوبی لبنان میں قائم ’’سکیورٹی زون‘‘ سے اسرائیلی فوج کے جزوی انخلا کے لئے ایک آزمائشی منصوبہ شروع کر دیا ہے۔
اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان ٹی وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے میں حزب اللہ کو غیر موثر بنانے کے لئے لبنانی فوج کو ان علاقوں میں داخل ہونے میں مدد فراہم کرنا شامل ہے جو اس وقت اسرائیلی کنٹرول میں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور آئندہ ہفتے واشنگٹن میں متوقع ہے جس میں اس آزمائشی منصوبے کے لئے مخصوص علاقوں کا تعین کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگرچہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ ’’سکیورٹی زون‘‘ میں اسرائیلی موجودگی ’’جب تک ضروری ہو جاری رہے گی‘‘ لیکن تجزیہ کار پہلے ہی ممکنہ انخلا کے علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
رپورٹ میں ایک سینئر اسرائیلی فوجی اہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اصل سوال یہ ہے کہ آیا یہ اقدام لبنان کے بارے میں اسرائیلی پالیسی میں حقیقی تبدیلی کا باعث بنے گا جبکہ اسرائیل ایران کے قریبی اتحادی حزب اللہ کو ختم کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔


