شی آن (شِنہوا) نئی توانائی سے چلنے والے ایک سمارٹ ٹرک کے کیبن میں بیٹھ کر سٹارٹ بٹن دبانے پر عام ڈیزل انجن کی گرج سنائی نہیں دیتی بلکہ ایک پرسکون آواز سنائی دیتی ہے۔ تقریباً چار میٹر بلند اور کئی ٹن وزنی یہ ٹرک اس وقت حرکت میں آتا ہے جب اس کا اسٹیئرنگ وہیل خود بخود گھومنا شروع کر دیتا ہے۔
چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے دارالحکومت شی آن میں واقع ایک آزمائشی مرکز میں یہ بڑا ٹرک خاموشی سے اپنی پارکنگ جگہ سے باہر نکلا، رکاوٹوں کو باآسانی پہچانا اور نہایت درستگی کے ساتھ ان سے بچتے ہوئے آگے بڑھا۔
موڑ کے قریب پہنچتے ہی اس نے خودکار طور پر اپنی سمت درست کر لی۔ ایک سکرین پر لین کی نشاندہی، اردگرد موجود گاڑیوں اور ممکنہ خطرات سمیت مختلف معلومات بر وقت دکھائی دے رہی تھیں۔
یہ ٹرک ان بڑی سمارٹ گاڑیوں کے بیڑے کا حصہ ہے جو پہلے ہی شانشی آٹوموبائل ہولڈنگ گروپ کمپنی لمیٹڈ (ایس اے ایچ جی) کی جانب سے تجارتی بنیادوں پر چلائی جا رہی ہیں۔ یہ کمپنی فارچیون چائنہ 500 میں شامل ہے، بھاری ٹرک بنانے میں مہارت رکھتی ہے اور چین کے ابتدائی اداروں میں سے ایک ہے جسے سمارٹ ٹرک ڈرائیونگ کی آزمائش کا اجازت نامہ ملا۔
حالیہ برسوں میں چین میں سمارٹ ڈرائیونگ والی گاڑیوں کے تجارتی استعمال نے عوامی توجہ حاصل کی ہے۔ تاہم صرف مسافر گاڑیاں ہی نہیں بلکہ سمارٹ ٹرک بھی کان کنی، بندرگاہوں، فیکٹریوں اور تعمیراتی مقامات سمیت معیشت کے مختلف شعبوں میں تیزی سے استعمال ہو رہے ہیں۔
گلوبل ڈیٹا کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں بھاری سامان اٹھانے والے خودکار ٹرکوں کی تعداد جولائی 2024 میں 2 ہزار 80 سے بڑھ کر جولائی 2025 میں 3 ہزار 832 ہو گئی جن میں سے 2 ہزار 108 گاڑیوں کے ساتھ چین پہلے نمبر پر رہا۔
ایس اے ایچ جی کے آٹوموٹو انجینئرنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے نائب ڈائریکٹر باؤ وے ڈونگ کے مطابق سمارٹ ٹرک بنیادی طور پر دو شعبوں میں استعمال ہو رہے ہیں، ایک طویل فاصلے کی شاہراہوں پر مال برداری، جہاں ڈرائیور کو سمارٹ نظام معاونت فراہم کرتا ہے اور دوسرا کنٹرول شدہ ماحول، جیسے بندرگاہیں، کانیں اور نقل وحمل کے مراکز، جہاں گاڑیاں خودکار طریقے سے چلتی ہیں۔
چین سمارٹ بھاری ٹرکوں کی آزمائش اور ترقی کے لئے ایک مثالی میدان بن چکا ہے جس سے ان کی تیز رفتار تجارتی توسیع ممکن ہو رہی ہے۔
چین نے اپنے 15 ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) میں نقل و حمل کے شعبے کو زیادہ موثر، ماحول دوست اور سمارٹ بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سمارٹ ٹرکوں کا بڑھتا ہوا استعمال اسی وسیع رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔


