اسلام آباد (لارڈ میڈیا): برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور عاصم منیر نے امن کے قیام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے، جس سے پاکستان عالمی امن کے علمبردار کے طور پر اجاگر ہوا ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی، غیر قانونی مائیگریشن، ادارہ جاتی تعاون اور پولیس ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ جعلی اسٹوڈنٹ ویزوں کے مسئلے کے حل کے لیے بھی مشترکہ کوششوں کا فیصلہ ہوا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ اپ اسکیل پراجیکٹ کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے افغانستان سے دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا۔
ملاقات میں وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور دونوں ممالک کے نمائندے شریک تھے۔


