پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں "دوستی کے پچھتر سال: عالمی نظم و نسق اقدام اور سی پیک میں چین پاکستان مشترکہ کردار پر سیمینار” منعقد ہوا۔
ویڈیو خطاب میں شِنہوا نیوز ایجنسی کے صدر فو ہوا نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں چین اور پاکستان کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ٹھوس اقدامات کے ذریعے علاقائی ترقی اور خوشحالی کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
فو ہوا نے مزید کہا کہ یہ دونوں ممالک کی دیرپا دوستی کی واضح عکاسی ہے۔ یہ چین کے عالمی نظم و نسق اقدام کو تصورات سے عملی اقدامات میں بدلنے کی زندہ مثال بھی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات کی پچھتر سالہ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی ہمہ موسمی اور آزمودہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوستی ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان چین تعلقات کی اصل بنیاد عوامی سطح پر مضبوط روابط سے منسلک ہے۔ ان روابط نے دونوں ممالک کے درمیان رشتوں کو مزید مستحکم کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ عالمی ترقیاتی اقدام کے فریم ورک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان تعاون پائیدار ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی کوششوں کو بھی مضبوط بنا رہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان اور چین کے اقتصادی تعاون کو نمایاں کرتی ہے، بلکہ عالمی ترقیاتی سوچ میں ایک وسیع تر تبدیلی کی بھی نمائندگی کرتی ہے۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کی حالیہ کامیابیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک آہنی دوستی کا نیا باب رقم کر سکتے ہیں، بڑے نمایاں منصوبوں کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح سے متعلق "چھوٹے مگر خوبصورت” اقدامات کو آگے بڑھا سکتے ہیں، سی پیک کی ترقی کا نیا باب کھول سکتے ہیں، بین الاقوامی اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھ سکتے ہیں اور عالمی نظم و نسق کے عملی تجربے کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔
یہ تقریب شِنہوا نیوز ایجنسی کے ایشیا بحرالکاہل علاقائی بیورو، پاکستان میں چینی سفارت خانے اور انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ تقریب میں پاکستان اور چین سے تعلق رکھنے والے اسی سے زائد شرکا نے شرکت کی، جن میں اعلیٰ سرکاری حکام، تھنک ٹینکس کے سربراہان، سفارت کار، دانشور اور ماہرین شامل تھے۔
اسلام آباد سے شنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


