اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈ کے بین الاقوامی ٹرانزکشن ٹیکس میں نمایاں کمی کرتے ہوئے اسے 5 فیصد سے کم کرکے 0.5 فیصد کر دیا ہے۔ یہ اعلان نئے مالی سال کے بجٹ میں کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی اثاثوں پر کیپیٹل ویلیو ٹیکس کو ختم کرنے کا اقدام پاکستانیوں کو اپنے غیر ملکی مالی اثاثے ریکارڈ پر لانے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کا حجم 18 ہزار 771 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایف بی آر کا سالانہ ٹیکس ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے ہے۔
آئندہ مالی سال میں صوبوں کو 8 ہزار 848 ارب روپے منتقل کیے جائیں گے، جبکہ وفاقی حکومت کی خالص آمدن کا تخمینہ 11 ہزار 751 ارب روپے ہے۔
دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال دفاع کے لئے 3 ہزار ارب روپے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے 1 ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لئے 8 ہزار 54 ارب روپے خرچ ہوں گے۔


