اسلام آباد (لارڈ میڈیا): دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صومالیہ میں ایک بحری جہاز پر سوار پاکستانی شہری 15 روز سے یرغمال ہیں اور پاکستان ان کی محفوظ رہائی کے لئے کوششیں کر رہا ہے۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا اور یرغمالیوں کی رہائی کے لئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں صومالی سفیر کو طلب کیا گیا اور ان سے اس معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورت حال پر گہری تشویش ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی ثالثی سے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔ حال ہی میں لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ روڈولف ہیکل نے پاکستان کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف سے ملاقات کی۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم کا ترک وزیر خارجہ سے بھی رابطہ ہوا جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران کا دورہ کیا اور ایرانی قیادت کو ریاستی پیغام پہنچایا۔
کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بیان کو مسترد کرتا ہے اور جموں و کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت کو تسلیم کرتا ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔


