واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے پاس صرف 21 سے 22 فیصد میزائل باقی رہ گئے ہیں اور بالآخر معاہدے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو وہ اقدامات کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا جن کا اس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا۔
این بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ جنگ کے حل میں وقت لگتا ہے اور یہ فوری عمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے جنگ بندی کے لیے ڈیل پر اتفاق نہیں کیا کیونکہ وہ طاقتور اور غیور ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری انتظامیہ کو ایران کے معاملے پر زبردست کامیابی حاصل ہو رہی ہے اور ایران جوہری ہتھیار رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ بحران جلد حل ہوگا اور تیل کی قیمتیں کم ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو مزید 47 سال تک اپنی مرضی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔


