اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے کمی کردی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
تاہم بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے جس کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ گئیں۔ بعض علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل 500 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ کئی شہروں میں پیٹرول پمپس پر ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے باعث ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہو رہا ہے، جبکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف فوری کارروائی کی درخواست کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


