اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان اور سعودی عرب نے سرمایہ کاری بڑھانے کے متعدد معاہدے کیے ہیں۔ یہ معاہدے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس میں طے پائے، جس کی صدارت سابق نگراں وزیر گوہر اعجاز اور چیئرمین پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل فواد مختار نے کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان پورٹس اور موٹر ویز کی تعمیر و ترقی کے معاہدے بھی شامل ہیں، جن میں کراچی حیدر آباد موٹروے کی تعمیر کا معاہدہ شامل ہے۔
مزید برآں، رئیل اسٹیٹ اور معدنیات کی ترقی کے معاہدے بھی دستخط کیے گئے۔ سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے معاہدوں پر دستخط کیے۔
اجلاس میں سعودی وفد کی قیادت چیئرمین شہزادہ منصور بن السعود نے کی جبکہ وفاقی وزرا مصدق ملک، علی پرویز ملک اور مشیر نجکاری محمد علی نے بھی شرکت کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور پاور سیکٹر سمیت دیگر منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی گئی۔


