شہر (لارڈ میڈیا): میٹا نے انسٹا گرام، فیس بک اور میسنجر پر کم عمر صارفین کو محفوظ رکھنے کیلئے دنیا بھر میں سخت پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔ کمپنی کے بیان کے مطابق 13 سال سے زائد عمر کے ٹین ایج اکاؤنٹس کیلئے نئی سخت سیٹنگز کا اطلاق کیا جا رہا ہے۔ 2 جون سے ان پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس پر مواد کی سخت نگرانی ہوگی۔ اکتوبر 2026 میں یہ سیٹنگز امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا میں متعارف کروائی گئی تھیں، اور اب انہیں عالمی سطح پر توسیع دی گئی ہے۔ میٹا سیفٹی کمپنی الائس کے ساتھ مل کر کم عمر صارفین کے لئے نئے فیچرز تیار اور ٹیسٹ کرے گی۔ نئی پابندیوں کے تحت کم عمر صارفین کو ایسے اکاؤنٹس کا مواد دیکھنے یا فالو کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جو نامناسب مواد شیئر کرتے ہیں۔ میٹا نے بتایا کہ ایسے اکاؤنٹس کو 18 سال سے کم عمر صارفین کی ریکومینڈینشز یا سرچ رزلٹس میں بلاک کر دیا جائے گا۔ انسٹا گرام میں نئی سیٹنگ کے تحت کم عمر صارفین کو الکحل کے استعمال جیسی سرچ اصطلاحات سے روکا جائے گا۔ والدین یہ سیٹنگ استعمال کر کے صارفین کو کمنٹس تک رسائی سے روک سکتے ہیں، یہاں تک کہ اپنی پوسٹس کے کمنٹس بھی نہیں دیکھ سکیں گے۔


