چھونگ چھنگ (شِنہوا) چین کی جنوب مغربی چھونگ چھنگ بلدیہ کے یونگ چھوان ضلع میں ہفتہ کی رات سے ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں پیر کی دوپہر تک 9 افراد ہلاک جبکہ 11 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق امدادی اور ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔
ہفتہ کی رات سے اتوار کی صبح تک یونگ چھوان میں اچانک اور انتہائی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے جغرافیائی حادثات پیش آئے۔
آن شی گاؤں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، جہاں امدادی کارکن مٹی اور پتھروں کے بڑے ڈھیروں کے درمیان پیدل چلتے ہوئے لائف ڈیٹیکٹرز کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بڑی کھدائی مشینیں اور دیگر انجینئرنگ آلات بھی امدادی سرگرمیوں میں استعمال کئے جا رہے ہیں۔
متاثرہ علاقے دشوار گزار پہاڑی جغرافیے، مٹی اور پتھروں کے وسیع ذخائر، اونچائی کے بڑے فرق اور دریا کے قریب ہونے کے باعث انتہائی خطرناک قرار دیئے جا رہے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کو محفوظ بنانے کے لئے مختلف تکنیکی ذرائع استعمال کئے جا رہے ہیں۔


