ہومتازہ ترینچین کا خلا میں دھاتی تھری ڈی پرنٹنگ کا کامیاب تجربہ

چین کا خلا میں دھاتی تھری ڈی پرنٹنگ کا کامیاب تجربہ

بیجنگ (شِنہوا) چینی تحقیقی اداروں نے حال ہی میں خلائی مدار میں دھاتی تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ مکمل کر لیا ہے جس کے بعد اب خلا میں ہی مشینی پرزہ جات کی تیاری اور مرمت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

روزنامہ سائنس و ٹیکنالوجی میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق چائنیز اکیڈمی آف سائنسز (سی اے ایس) کے تحت کام کرنے والے انسٹی ٹیوٹ آف میکینکس نے انوویشن اکیڈمی فار مائیکرو سیٹلائٹس کے تعاون سے یہ تجربہ انجام دیا۔ یہ مظاہرہ حال ہی میں لانچ کئے گئے چھنگ ژو نامی کارگو خلائی جہاز میں کیا گیا۔

تجربے کے دوران چھنگ ژو خلائی جہاز پر نصب تھری ڈی پرنٹنگ مشین نے زمین سے ملنے والی کمانڈز پر خودکار طریقے سے کام شروع کیا۔ اس مشین نے لیزر وائر فیڈ کے عمل کو استعمال کرتے ہوئے نہایت استحکام اور ہمواری کے ساتھ دھات کی تہیں جما کر نمونہ تیار کیا جس سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے مشین کو بار بار چلانے اور روکنے کی صلاحیت کی بھی تصدیق ہوئی۔

اس کامیاب تجربے کے دوران کئی بنیادی صلاحیتوں کا بھی امتحان لیا گیا جن میں خلائی جہاز کے پلیٹ فارم کے ساتھ پے لوڈ کی مطابقت، مکمل طور پر خودکار آپریشن کا اجرا، ڈیٹا اور تصاویر کی ترسیل اور خلائی ماحول میں دھات کو پگھلا کر جمانے کا عمل شامل تھا۔

اس ٹیکنالوجی سے توقع ہے کہ روایتی خلائی مشن کے ماڈل "جو درکار ہو ساتھ لے جائیں” کو بدل کر "جو درکار ہو وہیں تیار کریں” میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔ مستقبل میں اسے مدار میں تیاری اور مرمت، خلائی تنصیبات کے لئے فاضل پرزہ جات کی پیداوار، ساختی اجزاء کی مرمت اور گہرے خلائی مشنز کے لئے خودکار معاونت جیسے شعبوں میں استعمال کیا جا سکے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں